اردوئے معلیٰ

Search

چلو چلو درِ رحمت ہے وا مدینے میں

قبول ہوتی ہے سب کی دعا مدینے میں

 

نزولِ رحمتِ حق روز و شب نہ ہو کیونکر

حبیبِ حق ہیں جو جلوہ نما مدینے میں

 

وہاں جبیںِ دو عالم نہ کیوں بھلا خم ہو

ہے جانِ خالقِ ہر دوسرا مدینے میں

 

صنم کدہ جہاں خوف سے لرز اٹھا

بلند حق کی ہوئی جب صدا مدینے میں

 

گہنگارو چلو دھو لو دامنِ عصیاں

کرم کی چھائی ہوئی ہے گھٹا مدینے میں

 

عجم کی سیر بہت کر چکے اے ربّ کریم

دعا ہے اب تو رہیں ہم سدا مدینے میں

 

نہیں ہے یارو وہاں امتیازِ شاہ وگدا

معاف ہوتی ہے سب کی خطا مدینے میں

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ