اردوئے معلیٰ

Search

کبھی دیکھا ہے تم نے آئینہ کیا ؟

کبھی اپنا کیا ہے سامنا کیا ؟

 

محبت میں بہت کمیاب ہو تم

محبت کا پڑھا تھا قاعدہ کیا ؟

 

ہوا کا رخ ترے گھر کی طرف ہے

جلا رکھا ہے پھر کوئی دیا کیا ؟

 

تمہارے شہر میں سب بے وفا ہیں

یہاں رائج نہیں رسم وفا کیا ؟

 

لگا تھا لب پہ تالا مصلحت کا

کسی کے حق میں اب میں بولتا کیا ؟

 

کسی نے جب سے دیکھا مسکرا کر

گماں آتے رہے اس دل میں کیا کیا

 

سنا ہےترک الفت کر رہے ہو

عداوت کا ارادہ کر لیا کیا ؟

 

بھلا بیٹھے ہو ہم کو مدتوں سے

تمہیں کوئی ملا ہے دوسرا کیا ؟

 

بتاو ہم سے آخر کیوں خفا ہو

کوئی سرزد ہوئی ہم سے خطا کیا ؟

 

قفس میں قید کر کے پنچھیوں کو

اے صیاد ستم خو، کچھ ملا کیا؟

 

مریض ہجر یاراں ہوں طبیبو

تمہارے پاس ہے کوئی دوا کیا ؟

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ