اردوئے معلیٰ

Search

ہر ایک سے رتبہ ترا بالا ، شہ والا

اللہ کے بعد افضل و اعلیٰ ، شہ والا

 

ہر لفظ نے پائی تری توصیف میں ڈھل کر

تابندگی لولوئے لالا ، شہ والا

 

محکوم کا غمخوار ہے، مظلوم کا حامی

مخلوق کے دکھ بانٹنے والا ، شہ والا

 

ہوتا ہے ترے دبدبہ صدق و یقیں سے

ہر قصر ضلالت تہ و بالا ، شہ والا

 

اِس تیرگی جہل و جفا میں ترے باعث

پھیلا ہے محبت کا اجالا ، شہ والا

 

ظلمت کدہ دل میں ترے دست کرم نے

پر نور سویروں کو اچھالا ، شہ والا

 

سیراب کیا تو نے صفا کا چمنستاں

تجھ سے ہیں معطر گل و لالہ ، شہ والا

 

دے کر بنی آدم کو سر افرازی توحید

تشکیک کی دلدل سے نکالا ، شہ والا

 

ہر دور میں تیرا ہی پیام سبق آموز

انسان کو دیتا ہے سنبھالا ، شہ والا

 

خالد پہ ہے تیرا کرم لا متناہی

یہ بھی ہے ترا چاہنے والا ، شہ والا

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ