اردوئے معلیٰ

Search

 

ہمارے دل، ہمارے لب فدا ہوں، شاہ دوراں پر

بڑے احساں ہیں، اس انسانِ کامل کے ہر انساں پر

 

شہہ والا کا دیوانہ ہوں، یہ اعزاز کیا کم ہے

محبت ناز کرتی ہے مرے چاکِ گریباں پر

 

مدینے کی فضاؤں میں مہک تازہ گلوں کی ہے

بہارِ خلد حیراں ہے، مدینے کے گلستاں پر

 

ہے دو عالم میں رونق، آمنہ کے لال کے دم سے

جمالِ دوجہاں قربان ہے، شاہ رسولاں پر

 

تری زلفوں میں دیکھا، سورہِ واللیل کا منظر

پَر جبریل نازاں ہے، تری صبح درخشاں پر

 

کلی کھل کھل کے ہنستی ہے، مہکتا ہے ہر اک غنچہ

ہوا جب جھوم کے آتی ہے، یثرب کے خیاباں پر

 

محمد سے عقیدت اصل میں، وجہہ شفاعت ہے

شہہ دیں سے محبت، گلؔ ہے لازم ہر مسلماں پر

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ