اردوئے معلیٰ

Search

ہیں ذو الکرم سارے نبی لیکن تو چیزے دیگری

توقیر ہے سب کی بڑی لیکن تو چیزے دیگری

 

روح الامیں گویا ہوئے اے سرورِ لالہ رُخاں

میں نے جہاں دیکھے سبھی لیکن تو چیزے دیگری

 

پہلے نبی اللہ کے آدم صفی اللہ ہوئے

عظمت اُنھیں حق نے یہ دی لیکن تو چیزے دیگری

 

حضرت خلیل اللہ کا اک نام جدّ الانبیاء

نعمت عجب اُن پر ہوئی لیکن تو چیزے دیگری

 

کرتے تھے حق سے گفتگو جاتے جو کوہِ طور پر

یہ شان ورتبہ موسوی لیکن تو چیزے دیگری

 

جس کو زنانِ مصر نے دیکھا تو بے خود ہو گئیں

ایسا ہے حُسنِ یوسفی لیکن تو چیزے دیگری

 

پائی ہے داوٗد و سلیماں نے خدا سے سلطنت

اس پر نبوت بھی ملی لیکن تو چیزے دیگری

 

عیسیٰ شفا بخشیں اُسے جس کو اطبا دیں جواب

مردے بھی پائیں زندگی لیکن تو چیزے دیگری

 

ازہرؔ سے لاکھوں نعت گو کرتے رہیں نعتیں رقم

کہتے رہیں ہر دم یہی ’’لیکن تو چیزے دیگری‘‘

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ