اردوئے معلیٰ

Search

 

یارب مرے جیون کو مدینے کی ہوا دے

توحید کے نغمے مری ہستی کے سُنا دے

 

رحمت تو تری عام ہے، لیکن مرے مولا

قدرت کے نظارے بھی مدینے میں دکھا دے

 

محبوب مرے دل میں ہی رہتا تو ہے پھر بھی

بس رو ضۂ اقدس مرے سینے سے لگا دے

 

میں گنبد خضریٰ کے نظاروں میں نہاؤں

مولا تو مرا گھر بھی مدینے میں بنا دے

 

ہے نور محمد مری آنکھوں میں تو مولا!

خوشبوئے محمد بھی مرے دل میں بسادے

 

بس ایک ہی خواہش ہے مرے پیارے نبی سے

جنت میں وہ کوثر مجھے ہاتھوں سے پلا دے

 

اعزاز بڑا اس سے بھلا کیا ہو کسی کا

جیون کی اگر شام مدینے میں خدا دے

 

برسات ہو رحمت کی مدینے میں خدا یا

لہروں میں کرم کے تو ذرا گلؔ کو بہا دے

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ