اذیت سب کا ذاتی مسئلہ ہے
محبت ، کائناتی مسئلہ ہے
بساطِ معجزاتِ روز و شب پر
مری یہ بے ثباتی مسئلہ ہے
تو کیا تم واقعی میں واقعہ ہو؟
کہ یہ بھی نفسیاتی مسئلہ ہے
نزاکت، آرزُو کا حُسن ٹھہری
مری بے احتیاطی مسئلہ ہے
مجھے چُھو کر بتا ، ہوں کہ نہیں ہوں
فقط یہ دو نکاتی مسئلہ ہے
بہت سادہ ہے دل ، درپیش جس کو
جنوں کا معجزاتی مسئلہ ہے
معیشت ہانکتی ہے زندگی کو
بقاء ، اب مالیاتی مسئلہ ہے