الہیٰ ! جب سے تجھ سے رابطہ ہے
سکوں قلب و نظر کو مل گیا ہے
مرا ایماں ہے ، تُو واحد ہے یا رب
نبی تیرا محمد مصطفےٰ ہے
شفیع المذنبیں تیرا نبی ہے
خطا کاروں کو مژدہ جاںفزا ہے
تُو ہی معبود ہے ، مسجود ہے تُو
تُو ہی خالق ہے ، مالک ہے ، خدا ہے
عبادت ہے تری مقصود اپنا
تُو ہی ہے مبتدا ، تُو منتہا ہے
خدا کو ایک مانو ، شرک چھوڑو
یہی تیرے محمد نے کہا ہے
تجھی سے حاجتیں سب مانگتے ہیں
تُو ہی مشکل کشا ، حاجت روا ہے
چلا اُس راستے پر جو ہے سیدھا
جو تیرے مصطفےٰ کا راستہ ہے
از آدم تا محمد اس جہاں میں
ترے لطف و کرم کا سلسلہ ہے
میسّر ہو شفاعت مصطفےٰ کی
ترے دانش کی اتنی التجا ہے