خدا نے بھیجا ہے آپ تحفہ ، درود ان پر ، سلام ان پر
عطا ہمیں بھی کیا وظیفہ ، درود ان پر ، سلام ان پر
دعا کے اول درود بھیجیں ، دعا کے آخر سلام بھیجیں
کہیں گے پا کر دعا میں وقفہ ، درود ان پر ، سلام ان پر
وہ نامہ بر ہیں ، وہی ہیں نامہ ، وہی ہیں محبوبِ ربّ خامہ
خدا کی جانب سے ہر صحیفہ درود ان پر ، سلام ان پر
درود ہی سے چمن کی رونق ، سلام ہی سے حیاتِ برحق
یہ کہہ کے کھلتا ہے ہر شگوفہ ، درود ان پر ، سلام ان پر
خدا نے شہکار اک بنایا ، یوں اس نے سارا جہاں سجایا
جہانِ کُن کا حسیں اضافہ درود ان پر ، سلام ان پر
چمن میں قائل ہے غنچہ غنچہ ، سخن میں ناطق ہے نقطہ نقطہ
عدن میں گویا ہے غرفہ غرفہ ، درود ان پر ، سلام ان پر
جیے اگر ہم تو روضے آ کر ، مرے اگر ہم تو جا کے کوثر
اسامہ! بھیجیں گے بالمشافہ درود ان پر ، سلام ان پر