زِ فضلِ خاص خدائے محمدِ عربی

ہوں میں بھی مدح سرائے محمدِ عربی

رہِ ثواب دکھائے محمدِ عربی

خدا کی سمت بلائے محمدِ عربی

حدیثِ عشق سکھائے محمدِ عربی

غرور و کبر مٹائے محمدِ عربی

دلوں کی پیاس بجھائے محمدِ عربی

وہ جامِ خاص پلائے محمدِ عربی

گرے ہوؤں کو اٹھائے محمدِ عربی

گلے سے سب کو لگائے محمدِ عربی

نصیب جاگ اٹھا گلستانِ فانی کا

خوشا نصیب کہ آئے محمدِ عربی

کوئی کلیم بنا ہے کوئی خلیل اللہ

حبیب بن کہ پہ آئے محمدِ عربی

سرور بادۂ وحدت کا بخش کر سب کو

دوئی کا نقش مٹائے محمدِ عربی

ہو مثلِ تیر ترازو دلوں میں انساں کے

ہے وحی رب کہ نوائے محمدِ عربی

تمام حل ہوں مسائل کریں جو رو بہ عمل

کتابِ عقدہ کشائے محمدِ عربی

بہ جلوہ گاہِ خدا مرتفع ہوئے اک شب

شرف یہ خاص برائے محمدِ عربی

برائے امتِ عاصی بہ بارگاہِ خدا

ہے مستجاب دعائے محمدِ عربی

بروزِ حشر نہیں سایۂ اماں کوئی

جز ایک ظلِّ لوائے محمدِ عربی

تری شفاعتِ عظمیٰ کا میں بھی ہوں محتاج

مری مراد بر آئے محمدِ عربی

بروزِ حشر جو کام آئے عاصیوں کے نظرؔ

کہاں کوئی ہے سوائے محمدِ عربی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Releated

پھراٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب

پھر اٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب پھر کھنچا دامن دل سوئے بیابان عرب باغ فردوس کو جاتے ہیں ہزاران عرب ہائے صحرائے عرب ہائے بیابان عرب میٹھی باتیں تری دینِ عجمِ ایمان عرب نمکیں حسن ترا جان عجم شان عرب اب تو ہے گریۂ خوں گوہر دامان عرب جس میں دو لعل تھے زہرا کے […]

بھینی سہانی صبح میں ٹھنڈک جگر کی ہے

کلیاں کھلیں دلوں کی ہوا یہ کدھر کی ہے کھبتی ہوئی نظر میں ادا کس سحر کی ہے چبھتی ہوئی جگر میں صدا کس گجر کی ہے ڈالیں ہری ہری ہیں تو بالیں بھری بھری کشتِ اَمل پری ہے یہ بارش کدھر کی ہے ہم جائیں اور قدم سے لپٹ کر حرم کہے سونپا خدا […]