شبِ جدائی کے لمحے اڑان بھرنے لگے

سحر ہوئی تو مدینہ میں ہم اترنے لگے

سیہ فراق کا چھلکا ہٹا، سحر پھوٹی

سنہری دھوپ کھلی نخل جاں نکھرنے لگے

گناہ تھا تو نہیں پر گناہ جیسا لگا

جب اس زمین پہ ہم اپنے پاؤں دھرنے لگے

وہ سنسناہٹیں تھیں کھنکھناتی مٹی کی

کہ جیسے کوری صراحی میں پانی بھرنے لگے

ہمارے پاس تھا کیا کھارے آنسوؤں کے سوا

سو ہم وہی درِ اقدس پہ پیش کرنے لگے

میں ایک دن جو گیا وادیٔ عقیق کی سمت

تو مجھ پہ وقت کے سیلاب سے گزرنے لگے

جھلستی دھوپ میں سلمان فارسی کا وہ باغ

ہزار سائے مرے ذہن میں ابھرنے لگے

منافقین تو دو رنگ دو رخے تھے ہی

ذرا سا وقت پڑا اور سب مکرنے لگے

جو صادقین تھے ان کو بھی جھڑجھڑایا گیا

کبھی کبھی تو کچھ اہل رضا بھی ڈرنے لگے

احد نے دیکھے تھے اس روز ہمتوں کے پہاڑ

جب آنکھیں پھٹنے لگیں حوصلے بکھرنے لگے

اس اک دراڑ کی قسمت عروج پر پہنچی

کہ جب نبی کی حفاظت پہاڑ کرنے لگے

اسی شگاف کے ان پتھروں سے مس ہوا میں

یہ لمس ملتا ہے تقدیر جب سنورنے لگے

قسم ہے حبِّ محمد(ص)! قسم ہے مجھ کو تری

جو ان کی جان کے دشمن تھے ان پہ مرنے لگے

پیالے بھرتے تھے زمزم کے زمزموں سے سعودؔ

یہ جل ترنگ سبھی مجھ کو بہتے جھرنے لگے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Releated

پھراٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب

پھر اٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب پھر کھنچا دامن دل سوئے بیابان عرب باغ فردوس کو جاتے ہیں ہزاران عرب ہائے صحرائے عرب ہائے بیابان عرب میٹھی باتیں تری دینِ عجمِ ایمان عرب نمکیں حسن ترا جان عجم شان عرب اب تو ہے گریۂ خوں گوہر دامان عرب جس میں دو لعل تھے زہرا کے […]

بھینی سہانی صبح میں ٹھنڈک جگر کی ہے

کلیاں کھلیں دلوں کی ہوا یہ کدھر کی ہے کھبتی ہوئی نظر میں ادا کس سحر کی ہے چبھتی ہوئی جگر میں صدا کس گجر کی ہے ڈالیں ہری ہری ہیں تو بالیں بھری بھری کشتِ اَمل پری ہے یہ بارش کدھر کی ہے ہم جائیں اور قدم سے لپٹ کر حرم کہے سونپا خدا […]