کُفر کی کالی گھٹاؤں کو ہٹانے والے
بُت پرستوں کو نئی راہ دکھانے والے
مشعلیں دینِ الہیٰ کی جلانے والے
اُس کے صحراؤں کو گلزار بنانے والے
بھولے بھٹکے کو راہِ راست پہ لانے والے
خوابِ غفلت سے بہر گام جگانے والے
اپنے کاندھے پہ یتیموں کو بٹھانے والے
اپنے سینے سے غریبوں کو لگانے والے
ناتوانوں کی تب و تاب بڑھانے والے
اپنے مہمانوں کے عیبوں کو چھپانے والے
دہر میں شمعِ ہدایت کے جلانے والے
دل میں قرآن کی عظمت کو بڑھانے والے
بے خطر جنگ کے میدان میں آنے والے
قوم کی ڈوبتی کشتی کو بچانے والے
ہر گھڑی پرچمِ اسلام اٹھانے والے
جام وحدت کا شب و روز پلانے والے
علم و اخلاق کے اسباق سکھانے والے
ڈنکا ہر سمت صداقت کا بجانے والے
پیار اور امن کا پیغام سنانے والے
حشر میں آتشِ دوزخ سے بچانے والے
لڑکیوں کے لیے حق اُن کا دلانے والے
دفن زندہ انہیں ہونے سے بچانے والے
یہ شرف اور نبی کو نہ ملا گیتی میں
شبِ معراج میں افلاک پہ جانے والے
کیا بیاں مجھ سے ہوں اوصافِ رسولِ اکرم
مجھ میں ہمت کہاں اے مجھ کو بنانے والے
اُن کے پیغام سے ساحرؔ ہے زمانہ روشن
یاد رکھیں گے نہ کیوں اُن کو زمانے والے