کچھ کفر نے فتنے پھیلائے، کچھ ظلم نے شعلے بھڑکائے

سینوں میں عداوت جاگ اٹھی، انسان سے انساں ٹکرائے

پامال کیا، برباد کیا، کمزور کو طاقت والوں نے

جب ظلم و ستم حد سے گزرے، تشریف محمد لے آئے

رحمت کی گھٹائیں لہرائیں، دنیا کی امیدیں بر آئیں

اکرام و عطا کی بارش کی، اخلاق کے موتی برسائے

تہذیب کی شمعیں روشن کیں، اونٹوں کے چرانے والوں نے

کانٹوں کو گلوں کی قسمت دی، ذروں کے مقدر چمکائے

کچھ کیف دیا، کچھ ہوشیاری، کچھ سوز دیا، کچھ ساز دیا

میخانۂ علم و عرفاں میں، توحید کے ساغر چھلکائے

ہر چیز کو رعنائی دے کر دنیا کو حیاتِ نو بخشی

صبحوں کے بھی چہروں کو دھویا، راتوں کے بھی گیسو سلجھائے

اللہ سے رشتے کو جوڑا، باطل کے طلسموں کو توڑا

خود وقت کے دھارے کو موڑا، طوفاں میں سفینے تیرائے

تلوار بھی دی، قرآن بھی دیا، دنیا بھی عطا کی، عقبیٰ بھی

مرنے کو شہادت فرمایا، جینے کے طریقے سمجھائے

مکہ کی زمیں اور عرش کہاں، دم بھر میں یہاں، پل بھر میں وہاں

پتھر کو عطا گویائی کی اور چاند کے ٹکڑے فرمائے

مظلوموں کی فریاد سنی، مجبوروں کی غم خواری کی

زخموں پہ خنک مرہم رکھے، بے چین دلوں کے کام آئے

عورت کو حیا کی چادر دی، غیرت کا غازہ بھی بخشا

شیشوں میں نزاکت پیدا کی، کردار کے جوہر چمکائے

توحید کا دھارا رک نہ سکا ، اسلام کا پرچم جھک نہ سکا

کفار بہت کچھ جھنجلائے، شیطاں نے ہزاروں بل کھائے

اے نام محمد صلِ علیٰ، ماہرؔ کے لیے تو سب کچھ ہے

ہونٹوں پہ تبسم بھی آیا، آنکھوں میں بھی آنسو بھر آئے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Releated

پھراٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب

پھر اٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب پھر کھنچا دامن دل سوئے بیابان عرب باغ فردوس کو جاتے ہیں ہزاران عرب ہائے صحرائے عرب ہائے بیابان عرب میٹھی باتیں تری دینِ عجمِ ایمان عرب نمکیں حسن ترا جان عجم شان عرب اب تو ہے گریۂ خوں گوہر دامان عرب جس میں دو لعل تھے زہرا کے […]

بھینی سہانی صبح میں ٹھنڈک جگر کی ہے

کلیاں کھلیں دلوں کی ہوا یہ کدھر کی ہے کھبتی ہوئی نظر میں ادا کس سحر کی ہے چبھتی ہوئی جگر میں صدا کس گجر کی ہے ڈالیں ہری ہری ہیں تو بالیں بھری بھری کشتِ اَمل پری ہے یہ بارش کدھر کی ہے ہم جائیں اور قدم سے لپٹ کر حرم کہے سونپا خدا […]