گدا کو دید کا شربت پلا دو یا رسول اللہ
اسے خوابوں ہی میں جلوہ دکھا دو یا رسول اللہ
تمھارے ہجر میں بیمار ہونا جب عبادت ہے
تو میں کیوں کر کہوں مجھکو شفا دو یا رسول اللہ
یہی دل کی تمنا ہے یہی لب کا ترانہ ہے
گدا کو اپنے قدموں میں جگہ دو یا رسول اللہ
خطا کاروں کی یہ بھی التجا ہے نور سے اپنے
اندھیرا قبر کا سارا مٹا دو یا رسول اللہ
زبانیں سوکھ جائیں گرمئ خورشید سے جس پل
مئے کوثر گداؤں کو پِلا دو یا رسول اللہ
جہاں سے ہر گھڑی دیدار ہو بس آپ کا ہم کو
خدارا ! خلد میں ایسی جگہ دو یا رسول اللہ
جو سر پر عاصیوں کے ہر گھڑی دنیا میں رہتا ہے
وہی سایہ ہمیں روزِ جزا دو یا رسول اللہ
کہ جس کے سامنے سب ہیچ ہیں دنیا کی خوشبوئیں
پسینہ وہ تبسم کو سنگھا دو یا رسول اللہ
تبسم چاک دل اپنا قمر کی مثل کر دیگا
محبت سے فقط انگلی ہلا دو یا رسول اللہ