گروہِ انبیاء میں ہے بڑا درجہ محمد کا

امام الانبیاء ہے وہ زہے رتبہ محمد کا

فرازِ عرش تک پہنچا ہے اف جلوہ محمدِ کا

خدا کے بعد ہے سب سے بڑا رتبہ محمد کا

لیا جاتا ہے نامِ پاک ہر لحظہ محمد کا

زمیں سے چرخِ ہفتم تک رواں سکہ محمد کا

مسلمانوں کا قبلہ خانۂ کعبہ محمد کا

مگر کعبہ کا قبلہ ہے حسیں چہرہ محمد کا

نجاتِ اخروی کا ان کی ہے ذمہ محمد کا

جو لیتے نام ہیں صبح و مسا اللہ محمد کا

دلوں کے واسطے وجد آفریں نغمہ محمد کا

برائے پیروی بندوں کو ہے اسوہ محمد کا

سخن ہے دل نشیں اور پر کشش لہجہ محمد کا

زباں شستہ محمد کی بیاں عمدہ محمد کا

اویسِ پارسا عاشق تھا نادیدہ محمد کا

اسی روشن جبیں کو مل گیا خرقہ محمد کا

بقدرِ جہد ہے ہر فردِ امت فیضیاب اس سے

حدیثِ پاک و اَلقرآں کہ ہے ترکہ محمد کا

رجوعِ عام ہے اہلِ جہاں کا جانبِ طیبہ

تمناؤں کا قبلہ سب کی ہے روضہ محمد کا

نگاہِ چشمِ عرفاں پر ہوا ہے آشکارا یہ

اُدھر کعبہ ہے مڑ جائے جدھر چہرہ محمد کا

نصیب اس شخص کو روشن ضمیری ہو گئی واللہ

جسے کچھ مل گیا کھانے کو پس خوردہ محمد کا

نکیرین آ کے پلٹیں گے مری تربت سے یہ کہہ کر

ثنا خواں یہ تو ہے اللہ کا بندہ، محمد کا

وہ نازاں عمر بھر کیوں ہو نہ اپنی خوش نصیبی پر

نظرؔ آ جائے جس کو خواب میں چہرہ محمد کا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Releated

پھراٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب

پھر اٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب پھر کھنچا دامن دل سوئے بیابان عرب باغ فردوس کو جاتے ہیں ہزاران عرب ہائے صحرائے عرب ہائے بیابان عرب میٹھی باتیں تری دینِ عجمِ ایمان عرب نمکیں حسن ترا جان عجم شان عرب اب تو ہے گریۂ خوں گوہر دامان عرب جس میں دو لعل تھے زہرا کے […]

بھینی سہانی صبح میں ٹھنڈک جگر کی ہے

کلیاں کھلیں دلوں کی ہوا یہ کدھر کی ہے کھبتی ہوئی نظر میں ادا کس سحر کی ہے چبھتی ہوئی جگر میں صدا کس گجر کی ہے ڈالیں ہری ہری ہیں تو بالیں بھری بھری کشتِ اَمل پری ہے یہ بارش کدھر کی ہے ہم جائیں اور قدم سے لپٹ کر حرم کہے سونپا خدا […]