جیتا ہوں مرے آقا ! فُرقت کے عذابوں میں

ہو جائے وصال آخر اِک بار تو خوابوں میں

طیبہ سے ہَوا شاید اِس بار نہیں آئی

’’خُوشبو نہ رہی باقی اِمسال گُلابوں میں‘‘

توصیف خدا جن کی قرآن میں کرتا ہے

آتی ہے کہاں اُن کی توصیف حسابوں میں

یہ عُمر شہا ! میری حسرت میں ہی بِیتی ہے

دیدار کرا دیجے اِک بار تو خوابوں میں

آمد کا تری مژدہ دیتے ہیں رسول، آقا !

ہے ذکر ترا شاہا ! اُن کی بھی کتابوں میں

ہوتا جو عیاں سارا ، پھر طُور کئی جلتے

جو حُسن ترا شاہا ! رہتا ہے نقابوں میں

دیکھا ہے جسے برسوں جبریل امیں نے بھی

تھے آپ وہی تارا، رحمت کے حجابوں میں

ترے عشق کی مستی نے سرشار کیا جیسا

وہ کیف کہاں ہوگا سرکار ! شرابوں میں

وہ آبِ وضو تیرا ہاتھوں پہ اُٹھا لینا

یہ بات کہاں آقا ! ملتی ہے نصابوں میں

گو عُمر خطیبوں کی توصیف میں گزری ہے

پر کوئی نہ کر پایا انصاف خطابوں میں

بس یہ ہی حقیقت ہے،ہیں بعدِ خُدا ، آقا

کیوں ٹھوکریں کھاتے ہو تُم یار ،سرابوں میں

لِلّٰہ غُلاموں کی سرکار ! خبر لیجے

کشمیر کی جنت ہے محصور قصابوں میں

بے مایہ ہیں یہ لیکن جذبوں میں حرارت ہے

ہر آن قدم اِن کے رہتے ہیں رکابوں میں

ہے بُھول تِری دُشمن ! سمجھا یہ ممولے ہیں

للکار ہے شیروں کی ، پرواز عُقابوں میں

ہم نے تو جلیل اُن سا کوئی بھی نہیں دیکھا

دنیا میں نہ عقبیٰ میں مصحف نہ کتابوں میں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Releated

پھراٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب

پھر اٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب پھر کھنچا دامن دل سوئے بیابان عرب باغ فردوس کو جاتے ہیں ہزاران عرب ہائے صحرائے عرب ہائے بیابان عرب میٹھی باتیں تری دینِ عجمِ ایمان عرب نمکیں حسن ترا جان عجم شان عرب اب تو ہے گریۂ خوں گوہر دامان عرب جس میں دو لعل تھے زہرا کے […]

بھینی سہانی صبح میں ٹھنڈک جگر کی ہے

کلیاں کھلیں دلوں کی ہوا یہ کدھر کی ہے کھبتی ہوئی نظر میں ادا کس سحر کی ہے چبھتی ہوئی جگر میں صدا کس گجر کی ہے ڈالیں ہری ہری ہیں تو بالیں بھری بھری کشتِ اَمل پری ہے یہ بارش کدھر کی ہے ہم جائیں اور قدم سے لپٹ کر حرم کہے سونپا خدا […]