نامور شاعرہ رحمت النساء نازؔ کا یوم وفات

آج برصغیر کی نامور شاعرہ، ماہر تعلیم اور سماجی کارکن رحمت النساء نازؔ کا یوم وفات ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رحمت النساء نازؔ 28 جون 1932ء کو بنگلور، کرناٹک ( سابق ریاست میسور ) برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئیں۔ دسویں جماعت تک تعلیم میسور سے ہی حاصل کی، اس کے بعد جلد ہی ان کی شادی ڈاکٹر محمد غوث شریف سے طے پائی۔
قیامِ پاکستان کے کچھ ماہ بعد یکم جنوری 1948ء کو اپنے شوہر اور چھوٹے بھائی کے ہمراہ بنگلور سے ہجرت کر کے کراچی آ گئیں۔ اور یہاں تعلیم کا سلسلہ دوبارہ شروع کر کے کراچی یونیورسٹی سے ایم اے، بی ایڈ کیا اور بعد ازاں درس و تدریس سے منسلک ہوئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شعر و شاعری
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شاعری کا شغف بچپن سے رہا۔ جب پاکستان آئیں تو شہر کی دیگر ادبی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ریڈیو پاکستان کے مشاعروں میں بھی شرکت کی
ان کا کلام پاکستان اور بھارت کے کئی اردو اخبارات میں باقاعدگی سے چھپتا رہا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مجموعہٴ کلام ”زخمِ ہجراں“ کا اجرا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رحمت النسا ناز نے باقاعدہ مشاعروں میں شرکت کے باوجود کبھی مجموعہِ کلام شائع کروانے کا ارادہ نہیں کیا تھا۔ تاہم بے نظیر بھٹو صاحبہ کے بہت اصرار پر انہوں نے کتاب شائع کروانے کی ہامی بھری لیکن ابتدائی مرحلے کے کام کے دوران ہی بے نظیر بھٹو صاحبہ کی شہادت کا واقعہ رونما ہو گیا۔ لہذا اس کتاب میں وہ دو نظمیں بھی شامل ہیں جو انہوں نے بے نظیر بھٹو کے چہلم پر ان کو خراج میں پیش کیں ۔
9 جولائی 2008 کو رحمت النسا ناز صاحبہ کی وفات کے بعد ان کی کتاب کی مکمل تدوین و اشاعت کا کام ان کے بیٹے سیف اللہ سیفی اور ان کے بھائی سید ضیا الحق (ضیا کرناٹکی) صاحب نے کیا۔ کتاب کا اجرا اتوار 7 جولائی 2013ء کو اُن کے پیدائشی شہر بنگلور میں ہوا اور ضیا کرناٹکی صاحب کے ادارہ برائے آرٹ، سوشل اور ادبی ترقی ”الصدا“ نے کیا ہے۔
24 ستمبر 2013 کو ان کے مجموعہ کلام کا اجرا کی تقریب بلجیم کے دار الحکومت برسلز میں بھی منعقد ہوئ۔ تقریب کا اہتمام پاکستان پریس کلب بلجیم نے کیا۔ ان کے مجموعہِ کلام میں ہجرت کے غموں کی تصویر کشی کی گئی ہے۔ ان کے کلام میں ایک طرف اپنوں سے جدائی کا درد، تو دوسری جانب پاکستان سے شدید محبت
کا بھرپور اظہار بھی موجود ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وفات
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
9 جولائی 2008ء کو رحمت النساء نازؔ کا انتقال کراچی میں ہوا۔ اور ان کی تدفین ناظم آباد کے قبرستان میں ہوئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منتخب کلام
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میں سب کچھ بھول جاتی ہوں!!!
کبھی موسم بھی بدلے تھے
دھنک کے رنگ پھیلے تھے
مرے آنگن میں بھی شاید
کبھی اک چاند اترا تھا
میں اکثر یاد کرتی ہوں
مگر پھر بھول جاتی ہوں
وہ دن جب زندگی کو
زندگی کی چاہ ہوتی تھی
کسی کے اک اشارے پر
دھڑکتا تھا کسی کا دل
میں اکثر یاد کرتی ہوں
مگر پھر بھول جاتی ہوں
ستاروں کا تبسّم
مسکرانا غنچہ وگل کا
مرا شہر نگاراں
اور کئی مانوس رستے بھی
میں اکثر یاد کرتی ہوں
مگر پھر بھول جاتی ہوں

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جب دل کا درد منزلِ شب سے نکل گیا

محسوس یہ ہوا کوئی طوفان ٹل گیا

اب تو ہے صرف آمدِ فصلِ بہار یاد

دل ایک پھول تھا جو سرِ شاخ جل گیا

جب تک کسی کا نقشِ کفِ پا ہمیں ملا

ہم سے کچھ اور دور زمانہ نکل گیا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ایک بوڑھا خزاں رسیدہ شجر
جس نے اِک عمر سب کا ساتھ دیا
جب مسافر اگر کوئی تھکتا
یا، تپش دھوپ کی ستاتی اسے
اس کے سائے میں بیٹھ جاتا تھا
اس کے سائے میں کھیل کر بچّے
ایسے خوش ہوتے جیسے جنت ہو
اس کی بانہوں میں جُھولتے تھے کبھی
اور شاخوں سے کھیلتے تھے کبھی
چھاؤں میں اس کی بیٹھ کر کچھ لوگ
اپنے دکھ سکھ کے قصّے کہتے تھے
راز کتنے ہی دفن تھے اس جا
آج اس میں نہ شاخ ہے نہ ثمر
اب کسی کو نہیں ہے اس کا خیال
ہائے بوڑھا خزاں رسیدہ شجر!

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

رنج و الم کی کوئی حقیقت نہ پوچھیے

کتنی ہے میرے درد کی عظمت نہ پوچھیئے

کتنے لگے ہیں زخمِ جگر پر کسے خبر

ڈھائی ہے کس نے کتنی قیامت نہ پوچھیئے

اشکوں نے راز دل کا کیا جب کبھی عیاں

کتنی ہوئی ہے مجھ کو ندامت نہ پوچھیئے

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Releated

کنزا جاوید کی نئی کتاب 2026 میں کیوں مقبول

کنزا جاوید کی نئی کتاب 2026 میں پاکستانی ادب کا سب سے بڑا موضوع کیوں بنی

پاکستانی ادبی منظرنامہ 2026 میں ایک غیر معمولی بحث کا مرکز بن گیا جب کنزا جاوید کی نئی کتاب منظرِ عام پر آئی۔ ریلیز کے چند ہی ہفتوں میں یہ ناول ادبی حلقوں، سوشل میڈیا، جامعات اور بک کلبز میں زیرِ بحث آ گیا۔ ناقدین نے اسے جدید پاکستانی ناول کی نئی جہت قرار دیا […]

معروف شاعر جرم محمد آبادی کا یومِ وفات

آج معروف شاعر جرم محمد آبادی کا یومِ وفات ہے (پیدائش: 4 فروری، 1903ء- وفات: 15 جنوری، 1980ء) ———- جرم کا اصل نام ابوالحسن تھا اور تخلص جرم جبکہ شہرت جرم محمد آبادی سے پائی- 4 فروری 1903 کو جرم محمد آباد ضلع اعظم گڑھ کے قصبے محمد آباد میں پیدا ہوئے۔ ابتداء میں سامری […]