زینتِ قرآں ہے یہ ارشادِ ربُّ العالمیں

آپ کو بھیجا بنا کر رحمۃ اللعالمیں

آپ ہیں شمس الضحیٰ، بدرالدجیٰ، خیر الوریٰ

آپ ختم الانبیا ہیں، آپ ختم المرسلیں

آپ کے دم سے درخشندہ ہے ساری کائنات

آپ کے دم سے منور آسمان و شش جہات

آپ مسجودِ ملائک، رہنمائے انس و جاں

آپ ہیں خیر البشر، نور الہدیٰ، نورِ مبیں

نور افشاں گنبدِ خضریٰ ہے مسکن آپ کا

کعبۃ اللہ گھر خُدا کا بھی نشیمن آپ کا

ہر طرف ہے جلوہ فرما روئے روشن آپ کا

آپ کی آماجگاہ عشاق کا قلبِ حزیں

دید کی خاطر مرے آقا کو بلوایا گیا

اپنے رب کے پاس پہنچے آپ محبوبِ خُدا

منتظر تھا ربِّ کعبہ آپ کے دیدار کا

جب مری سرکار پہنچے بر سرِ عرشِ بریں

جن و انسان و ملائک آپ کے ہیں مدح خواں

آپ محبوبِ خُدا ہیں اور خُدا کے ترجماں

محفلِ حمد و ثناء جاری و ساری ہو جہاں

آپ واں تشریف فرما، آپ واں مسند نشیں

آپ کے نقشِ قدم ہیں خیر و برکت کے نشاں

جس جگہ ہوں ثبت بن جائے وہیں باغِ جناں

آپ کے قدموں میں جب سے جھک گیا ہے سر مرا

دل مرا پُر نور ہے، رشکِ قمر میری جبیں

آپ ہیں محبوبِ یزداں، آپ ہیں صادق امیں

آپ سا ہمدرد و مونس با خُدا کوئی نہیں

منتشر اُمت کو آقا مجتمع فرمائیں گے

ہے ظفرؔ ایمان میرا، ہے مرا کامل یقیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Releated

پھراٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب

پھر اٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب پھر کھنچا دامن دل سوئے بیابان عرب باغ فردوس کو جاتے ہیں ہزاران عرب ہائے صحرائے عرب ہائے بیابان عرب میٹھی باتیں تری دینِ عجمِ ایمان عرب نمکیں حسن ترا جان عجم شان عرب اب تو ہے گریۂ خوں گوہر دامان عرب جس میں دو لعل تھے زہرا کے […]

بھینی سہانی صبح میں ٹھنڈک جگر کی ہے

کلیاں کھلیں دلوں کی ہوا یہ کدھر کی ہے کھبتی ہوئی نظر میں ادا کس سحر کی ہے چبھتی ہوئی جگر میں صدا کس گجر کی ہے ڈالیں ہری ہری ہیں تو بالیں بھری بھری کشتِ اَمل پری ہے یہ بارش کدھر کی ہے ہم جائیں اور قدم سے لپٹ کر حرم کہے سونپا خدا […]