سورج ہے فقط ایک تری راہ کا ذرہ، اے ناقۂ قصوا!

رفتار جہاں ہے تری رفتار کا صدقہ، اے ناقۂ قصوا!

جب نازشِ افلاک ہے تو مَرکبِ احمد ! اس درجہ ممجّد

پھر کیا ہے ترے سامنے افرازِ ہمالہ،اے ناقۂ قصوا!

اس بات میں تخصیص بہائم کی نہیں ہے ،یہ عینِ یقیں ہے

انسان بھی ٹھہرا ہے ترا کشتۂِ غمزہ ،اے ناقۂ قصوا!

صحرا کو جو کرتے ہیں چمن،تیرے قدم ہیں،تصویرِ ارم ہیں

جس رہ پہ لگیں ، کردیں سدا کےلیے مہکا ،،اے ناقۂ قصوا!

کچھ اور ہی انوارِ جمال آئیں گے تن پر گر اپنے بدن پر

اترن ترے قدموں کی ذرا سی مَلے حَورا ،اے ناقۂ قصوا!

مہکار پہ تیری ہے فدا نافۂِ آہو اور خلد کی خوشبو

دیوانۂِ قامت ہے ترا شجرۂِ طوبیٰ ،اے ناقۂ قصوا!

حیرانِ کرامات ہیں ، قربانِ مراتب شاہوں کے مَراکب ،

ہے دشتِ غزالاں ترا خود رفتۂ جلوہ،اے ناقۂ قصوا!

واروں میں تری گل بدنی پر چمنستاں ،اور دشتِ حسیناں

رکھوں ترے قدموں میں شہنشاہیِ دارا ،اے ناقۂ قصوا!

کر آمد پُر خیر کے فیضاں سے مکرم ،یوں ٹھہروں معظمؔ

ہو یثربِ سینہ مِرا آقا کا مدینہ ،اے ناقۂ قصوا!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Releated

پھراٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب

پھر اٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب پھر کھنچا دامن دل سوئے بیابان عرب باغ فردوس کو جاتے ہیں ہزاران عرب ہائے صحرائے عرب ہائے بیابان عرب میٹھی باتیں تری دینِ عجمِ ایمان عرب نمکیں حسن ترا جان عجم شان عرب اب تو ہے گریۂ خوں گوہر دامان عرب جس میں دو لعل تھے زہرا کے […]

بھینی سہانی صبح میں ٹھنڈک جگر کی ہے

کلیاں کھلیں دلوں کی ہوا یہ کدھر کی ہے کھبتی ہوئی نظر میں ادا کس سحر کی ہے چبھتی ہوئی جگر میں صدا کس گجر کی ہے ڈالیں ہری ہری ہیں تو بالیں بھری بھری کشتِ اَمل پری ہے یہ بارش کدھر کی ہے ہم جائیں اور قدم سے لپٹ کر حرم کہے سونپا خدا […]