مسطور اگر کمال ہو سروِ امام کا

مصرع ہمارا سرو ہو دارالسلام کا

حاصل سرِ عمر کو مرصع کلاہ واہ

دردا سرِ علم سرِ اطہر امام کا

اسرار طالعِ عمر و حُر کا وا ہوا

داور کا وہ عدو وہ ہراول امام کا

وہ محرمِ حرم ہو کہ آرامِ دردِ کُل

درد و الم ہو اُس کو دوا و طعام کا

مسطور حالِ موسمِ سرما ہو کس طرح

سرگرمِ آہِ سرد رہا دل امام کا

صلح و ورع، عطا و کرم، حلم و داد، عدل

واللہ ہر عمل ہوا اطہر امام کا

اس طرح محوِ حمد رہا سرورِ امم

اعدا کو حوصلہ ہوا مدحِ امام کا

دردا لہو امامِ امم کا حلال ہو

سہل اس طرح ہو مسئلہ امرِ حرام کا

ہر سو وہ آمد آمدِ سردارِ دوسرا

اور ہمہمہ وہ ادہمِ صرصر لگام کا

کہرام ملک ملک ہوا، دھوم کوہ کوہ

سوکھا لہو دلِ اسد و گرگ و دام کا

ڈر کر اُدھر کو گم ہوا عمرِ عدو کا ماہ

طالع ہوا ہلال ادھر کو حسام کا

محرومِ گور احمدِ مرسل کا لاڈلا

سردارِ دہر آہ ولد ہو حرام کا

آرامِ گور کا ہو اگر دل کو مدعا

ہر سال و ماہ سوگ رکھا کر امام کا

دردا دلِ عمر کو ہو آرام اور سرور

روحِ حرم کو درد ہو مرگِ امام کا

ہر دم ملا حرم کو وہ درد و الم کہ آہ

روحِ رسول کو ہوا صدمہ مدام کا

سرور کا مدح گو ہوا ہر مصرعہِ رسا

‘سحرِ حلال’ اسم رکھا اس کلام کا

لامع ہو گر کمالِ عطاردؔ سرِ سما

مداح ہوگا کلکِ عطارد کلام کا

(غیر منقوط شاعری)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Releated

درود اُن پر محمد مصطفیٰ خیر الورا ہیں جو

سلام اُن پر رسولِ مجتبیٰ نورِ خدا ہیں جو درود اُن پر خدائے پاک کی جو خاص رحمت ہیں سلام اُن پر جہانوں کے لیے لُطف و عطا ہیں جو درود اُن پر کہ جِن کا نام تسکینِ دِل و جاں ہے سلام اُن پر کہ ساری خلق کے حاجت روا ہیں جو درود اُن […]

اے مدینے کے تاجدار سلام

اے غریبوں کے غم گسار سلام آ کے قدسی مزارِ اقدس پر پیش کرتے ہیں نور بار سلام ان کے عاشق کھڑے مواجہ پر پیش کرتے ہیں شان دار سلام اذن ملتا رہے حضوری کا عرض کرنا ہے بار بار سلام پیشِ جالی جو لب نہیں کھلتے آنکھیں کہتی ہیں اشکبار سلام سر جھکائے ہوئے […]