یہی فرمانِ محبوبِ خدا ہے
خدا معبود ہے، حاجت روا ہے
خدا خالق ہے، مالک ہے، قوی ہے
وہی قیّوم، دائم ہے، سدا ہے
خدا لاثانی و بے مثل، یکتا
وہ واحد، منفرد، سب سے جدا ہے
خدا روزی رسانِ عالمیں ہے
ہر اک نعمت وہی کرتا عطا ہے
خدا کی عظمتوں کے ہیں مظاہر
سمندر، کوہ و بن، صحرا، ہوا ہے
درُود و نعت کی، حمد و ثنا کی
خدائے مصطفیٰ سنتا صدا ہے
کرم کی اک نظر للّٰلہ ظفرؔ پر
ترے محبوب کے در کا گدا ہے