خدا کی مرضی کے ترجماں آپ ﷺ
خدا کی مرضی کے ترجماں آپﷺ
ہیں وجہِ تخلیق دو جہاں آپﷺ
خدا کی قدرت کا اک نشاں آپﷺ
خدا کی رحمت کا گلستاں آپﷺ
"لسوف یعطیک” اتر رہا ہے
حضور! تاکہ ہوں شادماں آپﷺ
وہ راہ معراج بن رہی تھی
پہنچ رہے تھے جہاں جہاں آپﷺ
ہر ایک مومن کا دل ہے طیبہ
ہیں جلوہ فرما کہاں کہاں آپﷺ
ہوں کیوں نہ رشکِ جہاں صحابہ
کہ ان پہ ہر دم تھے مہرباں آپﷺ
کبھی بھی لب پر "نہیں” نہیں تھا
ہمیشہ کہتے تھے ہاں ہی ہاں آپﷺ
سواد اعظم ہو کیوں نہ مسرور
کہ اس کے ہیں میرِ کارواں آپﷺ
ملائکہ, جن, بشر, خدا سے
درود پاتے ہیں ہر زماں آپﷺ
عذابِ شاتم یہی بہت ہے
کہ ہوں گے انعامِ عاشقاں آپﷺ
بہارِ جنت اسی لیے ہے
کہ ہوں گے یا مصطفی! وہاں آپﷺ
عطائے رب سے ہیں نعت گو ہم
ہوں کاش! جنت میں نعت خواں آپﷺ
رہا ہے موجود ازل سے قرآن
رہیں گے اس سے سدا عیاں آپﷺ