اردوئے معلیٰ

Search

نعتوں میں ہے جو اب مری گفتار مختلف

آزارِ روح میرا ہے سرکار ! مختلف

 

الحاد کیش دین سے رہتے تھے منحرف

معیارِ دیں سے اب تو ہیں دیندار مختلف

 

بھیجا ہے رب نے ختم نبوت کے واسطے

خیرالبشر کی شکل میں شہکار مختلف

 

نورِ نبوت اور بھی نبیوں میں تھا مگر

تھے مصطفیٰ کی ذات کے انوار مختلف

 

تھا یوں تو جلوہ عام، پہ صدیقؓ کے لیے

حسن و جمالِ شہ کا تھا دیدار مختلف

 

حق کے لیے ہوئے تھے بہت معرکے مگر

تھی بدر کی ہی گرمیٔ بازار مختلف

 

رہزن بھی آئے دامنِ خیرالبشر میں جب

فیضِ نظر سے ہو گیا کردار مختلف

 

شیطاں کی ذُرِّیَت ہے ازل سے عدوئے دیں

لیکن ہے میرے عہد کا آزار مختلف

 

ایماں کی روشنی سے سخن جگمگا اُٹھے

ہو مدح، رنگِ دیں سے نہ زنہار مختلف

 

جب جب لکھی ہے مدحتِ آقا تو قلب نے

کیف و سرور پایا ہے ہر بار مختلف

 

پہنچا ہے فیض ’’شہرِسخن‘‘٭ کا عجب طرح

پاتے ہیں رنگ، نعت کے اشعار مختلف

 

ہے شعرِ مدح، رنگِ تغزل سے بچ عزیزؔ

لازم ہے یاں سلیقۂ اظہار مختلف

 

٭اپنے استاد محترم جناب انور خلیل کا مجموعہء کلام ’’شہرِ سخن‘‘ دیکھ رہا تھا کہ ایک مصرعے
پر نظر ٹک گئی اور بعد ازاں اسی مصرعے کو اپنے لیے طرحی مصرعہ بنالیا۔ شعر تھا (ص۶۰):
رکھتا ہے اک سلیقۂ اظہار، مختلف
سب معترف خلیلؔ کی طرزِ ادا کے ہیں
اتوار: ۱۹؍ذیقعد ۱۴۳۳ھ…مطابق: ۷؍اکتوبر ۲۰۱۲ء
یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ