مجھے بھی یاد ہے وہ دن کہ جب میں شاداں تھا

فضائے طیبہ میں کچھ ساعتوں کا مہماں تھا

خوشا کہ میں بھی مدینے کی خُلد میں پہنچا

جہاں پہنچنے کا مدت سے دل کو ارماں تھا

خوشا کہ گنبدِ خضرا کی ضو نگاہ میں ہے

ابھی تلک تو مرا خواب ہی درخشاں تھا

سلام کرتا تھا آنکھوں سے اُن فضاؤں کو

کہ جن فضاؤں میں آقا کا نور ارزاں تھا

قریبِ گنبدِ خضرا بھی دل رہا لرزاں

مُوَاجَہَہ سے جدائی کا غم، نمایاں تھا

شکستہ دل تھا ندامت کے چند آنسو تھے

درِ نبی پہ مرے پاس بس یہ ساماں تھا

نڈھال میرے گناہوں نے کر دیا تھا مجھے

فضائے نور میں اِک خوف دل میں پنہاں تھا

اشارہ پاکے میں جآؤکَ سے وہیں پہنچا

مرے گناہوں کا آقا کے پاس درماں تھا

نگاہِ لطف کی درخواست اعتراف کے ساتھ

اُنہی سے کی، کہ وہیں مغفرت کا ساماں تھا

درِ نبی پہ پہنچ کر سکوں ملے تو کہوں

حضور ! آج تلک میں بہت پریشاں تھا

وہ لمحہ آج میسر ہوا ہے قسمت سے

جو اب سے پہلے مرے قرب سے گریزاں تھا

دیا ہے اذنِ حضوری تو اب حضور ! مجھے

یہیں قیام میسر ہو جس کا ارماں تھا

زمینِ طیبہ میں جب دفن ہو عزیزؔ احسن

کُھلے، کہ روزِ الست ایک یہ بھی پیماں تھا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Releated

پھراٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب

پھر اٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب پھر کھنچا دامن دل سوئے بیابان عرب باغ فردوس کو جاتے ہیں ہزاران عرب ہائے صحرائے عرب ہائے بیابان عرب میٹھی باتیں تری دینِ عجمِ ایمان عرب نمکیں حسن ترا جان عجم شان عرب اب تو ہے گریۂ خوں گوہر دامان عرب جس میں دو لعل تھے زہرا کے […]

بھینی سہانی صبح میں ٹھنڈک جگر کی ہے

کلیاں کھلیں دلوں کی ہوا یہ کدھر کی ہے کھبتی ہوئی نظر میں ادا کس سحر کی ہے چبھتی ہوئی جگر میں صدا کس گجر کی ہے ڈالیں ہری ہری ہیں تو بالیں بھری بھری کشتِ اَمل پری ہے یہ بارش کدھر کی ہے ہم جائیں اور قدم سے لپٹ کر حرم کہے سونپا خدا […]