مدینے کا ہے گوشہ گوشہ مبارک
خدا کی قسم چپہ چپہ مبارک
جہاں سیّدالانبیاء جلوہ گر ہیں
ہے اُس خاک کا ذرّہ ذرّہ مبارک
ہیں طیبہ کی سب شاہراہیں مقدس
وہاں کا تو ہے رستہ رستہ مبارک
چمن زارِ طیبہ پہ جنت فدا ہے
ہے اُس باغ کا غنچہ غنچہ مبارک
وہاں نعمتِ حق جو کھائی ہے اس کا
تمہیں زائرو دانہ دانہ مبارک
مدینے کا پانی ہے اکسیرِ اعظم
ہے اُس آب کا قطرہ قطرہ مبارک
گلاب اور چمپا چنبیلی و لالہ
ہے طیبہ کا ہر بوٹہ بوٹہ مبارک
جسے آپ کا لمسِ اطہر ملا ہے
ہے اُس پیڑ کا پتہ پتہ مبارک
ثنائے حبیبِ خدا کر رہا ہوں
ہے خاکیؔ مرا لمحہ لمحہ مبارک