وہ مالکِ ہر دو عالم ہیں، وہ جود و سخا کے ہیں پیکر

دیتے ہیں طلب سے بڑھ کر ہی، لوٹاتے نہیں وہ لا کہہ کر

اوصاف حمیدہ کیا لکھوں پروازِ تخیل کم ہے بہت

یوں نعت کی صورت بن جائے گر مل جائے جبریل کا پر

مجھ عاصی اور بے مایہ کو بھی اذنِ حضوری بخشا ہے

اس طرزِ عنایت پر آقا میں صحنِ حرم میں ہوں ششدر

یہ فیض ہے ان سے نسبت کا، قربت کا اور عقیدت کا

ہیں راہِ ہدایت کے تارے بو بکر و عمر عثماں حیدر

حسنین و علی کے صدقے میں، بیٹے ہوں میرے نیک شہا

اور بی بی زینب کے صدقے بیٹی کو حیا کی دیں چادر

محشر ہے بپا جسم و جاں میں، بے جان کھڑا ہوں میں یعنی

کیا پیش کروں اے جانِ کرم، ہے گنبدِ خضرٰی پیشِ نظر

ہر سمت کرم کی بارش ہے ہر اور عطا کا ڈیرا ہے

کیا اوجِ عنایت ہے تیرے دربار پہ اے میرے سرور

یہ عطر ہوائے طیبہ میں شامل ہے پسینے سے تیرے

اس عطر کے آگے دست بہ کف خوشبوے خُتَن، مشک و عنبر

ہر دشمن آپ کا ابتر ہے، اور ذکر رفعنا سے جاری

ہے قادرِ مطلق کا فرماں، انا اعطینٰک الکوثر

اے منظر اُن کی نظروں کا فیضانِ اتم تو دیکھ ذرا

گر کفر کے نرغے میں بھی ہوں کلمہ پڑھ لیتے ہیں کنکر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Releated

پھراٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب

پھر اٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب پھر کھنچا دامن دل سوئے بیابان عرب باغ فردوس کو جاتے ہیں ہزاران عرب ہائے صحرائے عرب ہائے بیابان عرب میٹھی باتیں تری دینِ عجمِ ایمان عرب نمکیں حسن ترا جان عجم شان عرب اب تو ہے گریۂ خوں گوہر دامان عرب جس میں دو لعل تھے زہرا کے […]

بھینی سہانی صبح میں ٹھنڈک جگر کی ہے

کلیاں کھلیں دلوں کی ہوا یہ کدھر کی ہے کھبتی ہوئی نظر میں ادا کس سحر کی ہے چبھتی ہوئی جگر میں صدا کس گجر کی ہے ڈالیں ہری ہری ہیں تو بالیں بھری بھری کشتِ اَمل پری ہے یہ بارش کدھر کی ہے ہم جائیں اور قدم سے لپٹ کر حرم کہے سونپا خدا […]