اردوئے معلیٰ

آخر نگہ میں گُنبدِ اَخضَر بھی آئے گا

آنکھوں میں کوئے نور کا منظر بھی آئے گا

 

ساقی مرا کریم ہے ، محشر میں حوض پر

ہاتھوں میں اپنے ساغرِ کوثر بھی آئے گا

 

ہم سے گُناہ گار ، چُھڑانے کے واسطے

معلوم ہے کہ شافعِ محشر بھی آئے گا

 

چشمِ کرم حضور ! کہ رستہ یہ پا سکے

بُھولا ہوا ہے ، شام کو یہ گھر بھی آئے گا

 

بیتِ حرم میں جا نہیں سکتے ہیں مومنین

کس کو خبر تھی وقت یہ بدتر بھی آئے گا

 

جاری رہے گا آپ کی مدحت کا سلسلہ

ہر دور میں حضور ! سُخن ور بھی آئے گا

 

آہ و فغاں غُلام کی سُن کر وہ ایک دن

دیدار دینے خواب میں دلبر بھی آئے گا

 

ظُلم و ستم کی قوتِ خیبر کو توڑنے

ہر اک زماں میں پنجۂ حیدرؓ بھی آئے گا

 

صدقہ نبی کی آل کا ، اُمید ہے ، ضرور

اُمّت میں اتّحاد کا جوہر بھی آئے گا

 

ہو گا اُنہی کا اُمّتی ، محشر میں سرخرو

ہاں اس کے دائیں ہاتھ میں دفتر بھی آئے گا

 

ترسا ہوں جس کے واسطے میں عمر بھر جلیل

آخر مرے نصیب میں وہ در بھی آئے گا

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ

اردوئے معلیٰ

پر

خوش آمدید!

گوشے۔۔۔