اِک ترے نام کا اِرقام رسول عربی
سب بناتا ہے مِرے کام رسول عربی
مُلک ہے آپ کا مادام رسول عربی
حسن ہے بندۂِ بے دام رسول عربی
اللہ اللہ ترے حرفِ یقیں بخش کا نور
مٹ گئی ظلمتِ اوہام رسول عربی
حرمِ قربِ خدا کو چلے ،ہم باندھے ہوئے
تیری تمدیح کا احرام رسول عربی
سبز خورشید کے محتاج رہیں گے دائم
سارے افلاک کے اجرام رسول عربی
جانتے ہیں ہیں ترے خادم بھی بہ اِذنِ خالق
کیا ہے در پردۂِ اَرحام رسول عربی !
ہیں الف ، میم ترے قدّ و دہن کے شارِح
اور گیسو کا بیاں ” لام ” رسول عربی
پہلے کرتا ہوں زباں پاک بہ ذکرِ خالق
پھر میں لیتا ہوں ترا نام رسول عربی
نعت تیری ہے شہا خازنِ جملہ اعزاز
نام ہے قاسمِ اکرام رسول عربی
تو جو چاہے تو یہی گفتۂِ کامل بن جائے
عجمی حرف جو ہے خام رسول عربی
خاص کر سکتی ہے توصیف تمہاری ، چاہے
ہو معظمؔ سا کوئی عام رسول عربی