باالیقیں مروہ ، صفا پر زندگی ہے آپ سے
آج بھی غارِ حرا میں روشنی ہے آپ سے
آپ سے ہم کو ملا ہے بے نہایت حوصلہ
ہم خطاکاروں کی رشد و رہبری ہے آپ سے
ظلمتوں کو آپ نے بخشی اُجالوں کی ردا
طاقِ ہستی میں چراغِ سرمدی ہے آپ سے
بادشاہت کو ملا ہے آپ سے اعلیٰ مقام
سرورِ ہر دو جہاں یہ سروری ہے آپ سے
آپ کے دم نے کیا آب و ہوا کو بے مثال
شہرِ طیبہ تیرا حسن و دلکشی ہے آپ سے
مرتضیٰؔ اس سلسلے کا اوّل و آخر ہیں آپ
کاروانِ انبیأ کا ہر نبی ہے آپ سے