بالیقیں مائی ناز کرتی ہے
آپ کی دائی ناز کرتی ہے
دیکھ آیا ہے جو مدینے کو
اُس کی بینائی ناز کرتی ہے
اُن کو یکتا کیا ہے خالق نے
اُن پہ یکتائی ناز کرتی ہے
نام لیتا ہوں میں محمد کا
میری گویائی ناز کرتی ہے
آپ کے پاؤں کے تلے آقا
جو جگہ آئی ناز کرتی ہے
جس میں ہوتا ہے ذکرِ صل علٰی
ایسی تنہائی ناز کرتی ہے
نعت ہوتی ہے جب عطا آسیؔ
سخن آرائی ناز کرتی ہے