بلندی پر وہی فائز ہے جس کا بول ہے بالا

وہ جس نے آدمی کی عقل کو اِک آئنہ بخشا

وہ جس نے خیر کے اشجار دنیا میں لگائے ہیں

وہ جس نے نیکیوں کی کھیتیوں کو خون سے سینچا

وہ جس رہرو کے چلنے سے صراطِ دیں چمک اُٹھی

وہ جس نے دھوپ میں انسان کے سر پر کیا سایہ

دبستاں علم و حکمت کا انہی کی ذات ٹھہری ہے

بفیضِ وحیِ رب بالکل یقینی علم ہے جن کا

لپک جن کی محبت کی، دلوں میں روشنی کر دے

انہی کے نام سے لب نے مرے آبِ بقا پایا

وہ جن کے حکم پر چل کر درندے بھی بنے انساں

گداز و درد جن کے عشق نے انسان کو بخشا

اُخوت کا ملا پیغام جن سے آدمیت کو

اُنہی سے نوعِ انساں نے سبق ایثار کا پایا

پیمبر بھی، معلم بھی، مزکیّ بھی، مجاہد بھی

ہر اک میداں میں پرچم سرورِ دیں کا رہا اونچا

وہ جن کی مدح میں قرآن کی آیات اُتری ہیں

بلندی پر رہے گا تا ابد، ان کا ہی اب چرچا

اندھیرے چھٹ گئے ظلم و تعدی کے زمانے سے

ہدایت کا پھریرا جب مرے آقا نے لہرایا

رہی تعلیم جزوی، سیدالکونین سے پہلے

معلم بن کے سب آئے نبی آدم سے تا عیسیٰؑ

انہی کی ذات ہے وجہِ بِنائے عالمِ امکاں

وہی قندیلِ بابِ مشرقین و عبدِ بے ہمتا

اُنہی کی عظمتوں پر آدمیت ناز کرتی ہے

جنہیں خالق نے ختم المرسلیں کا تاج پہنایا

وہ جس نے اُن کی تعلیمات پر گہری نظر رکھی

عمل اس کا ہی دنیا میں رہا معیار کا پکا

فلاحِ دین و دنیا بالیقیں اس کا مقدر ہے

کہ جس نے زندگی بھر آپ کی سنت کو اپنایا

عزیزؔ احسن مقدم اِتِّباعِ شاہِ دیں رکھو!

سنو! مستغنیٔ مدحت ہے، اُن کے لطف کا دریا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Releated

پھراٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب

پھر اٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب پھر کھنچا دامن دل سوئے بیابان عرب باغ فردوس کو جاتے ہیں ہزاران عرب ہائے صحرائے عرب ہائے بیابان عرب میٹھی باتیں تری دینِ عجمِ ایمان عرب نمکیں حسن ترا جان عجم شان عرب اب تو ہے گریۂ خوں گوہر دامان عرب جس میں دو لعل تھے زہرا کے […]

بھینی سہانی صبح میں ٹھنڈک جگر کی ہے

کلیاں کھلیں دلوں کی ہوا یہ کدھر کی ہے کھبتی ہوئی نظر میں ادا کس سحر کی ہے چبھتی ہوئی جگر میں صدا کس گجر کی ہے ڈالیں ہری ہری ہیں تو بالیں بھری بھری کشتِ اَمل پری ہے یہ بارش کدھر کی ہے ہم جائیں اور قدم سے لپٹ کر حرم کہے سونپا خدا […]