اردوئے معلیٰ

Search

بے دری گھر مرا ، میں کہ فرضی مکیں فرض کر لی گئی

جس جگہ سے گئی تھی وہیں کی وہیں فرض کر لی گئی

 

بولتی بھی تو کیا یاں تو سب ہی الٹ سمجھا جانے لگا

میری چپ تھی جو ، "​ہاں”​ تو نہیں ، ہاں ، "​نہیں”​ فرض کر لی گئی

 

میں نے پہنا تھا جھوٹا لبادہ فقط ظاہری حسن کا

اور ستم دیکھئے کہ میں سچ مچ حسیں فرض کر لی گئی

 

مجھ سے پوچھا گیا اور نہ کوئی وضاحت کا موقع ملا

میرے بارے میں رائے بھی اپنے تئیں فرض کر لی گئی

 

طے ہوا کہ نئے سب سفر کردئیے جائیں موقوف اب

اور تھکاوٹ سفر میں دم واپسیں فرض کر لی گئی

 

ایک دن سب خسارے چلے آئے میرا پتہ پوچھتے

میں کہیں سچ میں تھی اور کہیں نہ کہیں فرض کر لی گئی

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ