بے چین دل نے جس گھڑی مانگا خدا سے عشق
ایسا کرم ہوا کہ ملا مصطفٰی سے عشق
گلشن ہو خار ہو یا جبل ، ریگزار ہو
دل میں بسا ہے ان کی گلی و گدا سے عشق
ہر سانس میں مہک ہے معطر ہے وہ فضا
خوشبو کو ہے مدینے کی پیاری ہوا سے عشق
بٹتا چلا گیا وہ محمد کے ہاتھ سے
مال و متاع کو رہا ان کی سخا سے عشق
ان کے کرم سے ہوتے ہیں اشعار نعت کے
اس واسطے عطا کو ہے ان کی عطا سے عشق