اردوئے معلیٰ

Search

تاجدارِ انبیاء خیر الوریٰ

آپ محبوبِ خدا خیر الوریٰ

 

سیِّد و سالارِ ما خیر الوریٰ

دِلبر و دِلدارِ ما خیر الوریٰ

 

منتخب ہے ذاتِ اقدس آپ کی

نامِ والا مصطفیٰ خیر الوریٰ

 

تاج والے سر جُھکاتے ہیں جہاں

آستاں وہ آپ کا خیر الوریٰ

 

انبیاء ہیں مُقتدی بن کر کھڑے

ہیں اِمام الانبیاء خیر الوریٰ

 

وہ خدا کا ہوگیا ہے بِا لیقیں

آپ کا جو ہوگیا خیر الوریٰ

 

تاجداروں میں ہُوا اُس کا شمار

آپ کا جو ہے گدا خیر الوریٰ

 

آگیا جو آپ کے دربار میں

وہ مُرادیں پاگیا خیر الوریٰ

 

آپ کے ربُّ العلیٰ کو ہے خبر

پیشِ حق رُتبہ ہے کیا خیر الوریٰ

 

جب تلک زندہ رہوں جاری رہے

وِردِ لب صلّے علیٰ خیر الوریٰ

 

آپ کی توصیف کیا مرزا لکھے

مدح گو جب ہے خدا خیر الوریٰ

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ