اردوئے معلیٰ

Search

تیرگی کو سحر کر لیا جائے تو؟

سوئے بطحا سفر کر لیا جائے تو؟

 

ہوگا اک ایک لمحہ بہت قیمتی

سنگِ در پر بسر کر لیا جائے تو

 

دوڑتی ہے رگِ جاں میں آسودگی

یاد سرور کا در کر لیا جائے تو

 

شاہ کی نعت کے شعر میں جوڑ کر

حرف اپنا گہر کر لیا جائے تو؟

 

اشک شوئی کی عادت ہے سرکار کی

اپنی آنکھوں کو تر کر لیا جائے تو؟

 

رشک سے دل کو دیکھیں گے سات آسماں

دل کو آقا کا گھر کر لیا جائے تو

 

ہر دعا ہوگی مقبول پہلے اگر

ذکرِ خیر البشر کر لیا جائے تو

 

شاہِ والا کا دیدار ہے زندگی

زندگی میں اگر کر لیا جائے تو

 

طاعتِ مصطفیٰ کر کے اشفاقؔ جی

خلد میں مستقر کر لیا جائے تو؟

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ