اردوئے معلیٰ

جس کو چھوٹوں سے پیار ہوتا ہے

وہ بڑا باوقار ہوتا ہے

 

اس کا جینا بھی ہے کوئی جینا

جو بروں میں شمار ہوتا ہے

 

بے ادب ہر جگہ ہے بے عزت

باادب باوقار ہوتا ہے

 

اس سے ہوتی ہے سب کو ہمدردی

خود بھی جو غم گسار ہوتا ہے

 

بول کر جھوٹ وہ خدا جانے

کس لئے شرمسار ہوتا ہے

 

دوسروں کی جو چغلیاں کھائے

سب کی نظروں میں خار ہوتا ہے

 

غم کوئی ہو مگر نماز کے بعد

دل کو حاصل قرار ہوتا ہے

 

اس کو اچھا کوئی نہیں کہتا

فیل جو بار بار ہوتا ہے

 

دولت دین جس کو مل جائے

وہ بہت مال دار ہوتا ہے

 

پاس کیا ہو وہ امتحان میں جو

مدرسے سے فرار ہوتا ہے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ