جو دل سے مدحت خیرالانام کرتے ہیں
انہیں ادب سے فرشتے سلام کرتے ہیں
متاع عشق نبی جن کے پاس ہوتی ہے
غزال نفس کو وہ لوگ رام کرتے ہیں
یہ صبح و شام یہ دن رات کے حسین سفیر
نبی کو پیش درود و سلام کرتے ہیں
وہ اہلبیت کا دامن کبھی نہ چھوڑیں گے
نبی کے حکم کا جو احترام کرتے ہیں
گلوں کو نعت نگاری میں دیکھ کر مصروف
روش روش کو ہم آقا کے نام کرتے ہیں
نماز پڑھتے ہیں جب ان کے عاشق صادق
خیال سرور دیں کو امام کرتے ہیں
ابھی کرم کے اترتے ہیں قافلے اے نور
ابھی درود کا ہم اہتمام کرتے ہیں