رب نے بخشا جو تِری مدح و ثنا کا اعزاز
مجھ کو دارین میں کافی ہے یہ آقا ! اعزاز
حفظ ہے تیرے قوانین کا ، پانا اعزاز
بھولنا تیرے فرامیں کا ، گمانا اعزاز
میں گدا خاک نشیں مسکنِ تذلیل کجا
اور کجا آپ شہِ عرش سراپا اعزاز
حفظِ عذرائی تِرے دم کے رہین منت
تو نے بیواؤں یتیموں کو کیا با اعزاز
مغربی طرزِ خرافات میں کیا رکھا ہے
اُسوۂِ سرور عالم میں ہے سارا اعزاز
مدحتِ قاسمِ عظمت کی کتابت کے سبب
میرے ہاتھوں کا لیا کرتا ہے بوسہ اعزاز
چشمِ کونین میں کیونکر نہ معظمؔ ٹھہرے
ان کے نعلین مقدس سے ہے چمٹا اعزاز