سارے شہروں میں ہوا افضل مدینہ آپ کا
سب مہینوں میں ہوا افضل مہینہ آپ کا
بھیک میں گلزار کو ملتی ہے خوشبو آپ سے
مشک و عنبر سے معطر ہے پسینہ آپ کا
دُونوں ہاتھوں سے لٹاتے ہو جواہر جُود کے
کم ذرا سا بھی نہیں ہوتا خزینہ آپ کا
کائناتِ حسن بھی، ہو حسنِ کائنات بھی
دل کے جھومر میں سجایا ہے نگینہ آپ کا
پار اترے گا یقینا ہر بڑے طوفان سے
بحرِ غم میں جس کو مل جائے سفینہ آپ کا
سارے نبیوںؑ کے، رسولوںؑ کے قرینے خوب ہیں
اعلیٰ ، ارفع ، اور کامل ہے قرینہ آپ کا
بھر دیے کونین کے سب راز قلبِ پاک میں
’’رَب الشرح لی‘‘ کردیا خالق نے سینہ آپ کا
آپ کا نقشِ کفِ پا ہے صراطِ مستقیم
جنت الفردوس کو جاتا ہے زینہ آپ کا
میں نے تو اشفاقؔ سیکھا ہے یہی اسلاف سے
بوجہلؔ ہے دل میں جو رکھتا ہے کینہ آپ کا