سلام آپ پر اے محمد ہمارے
سلام آپ پر سب کی آنکھوں کے تارے
سلام آپ پر ساری دنیا کے پیارے
سلام آپ پر بیکسوں کے سہارے
سلام آپ پر حق کے داعیٔ معظم
سلام آپ پر اے نبیٔ مکرم
–
سنایا ہمیں آپ نے رب کا فرماں
ہمارے لیے آپ لائے ہیں قرآں
ہمیں بخش کر آپ نے نورِ ایماں
کئے آپ نے ان گنت ہم پہ احساں
سلام آپ پر اپنی اُمت کے ہمدم
سلام آپ پر اے نبیٔ مکرم
–
اگرچہ بہت کافروں نے ستایا
اگرچہ بہت آپ پر ظلم ڈھایا
اگرچہ بہت آپ نے دُکھ اٹھایا
مگر پھر بھی ماتھے پہ بَل تک نہ آیا
سلام اشرف الانبیاء فخرِ آدم
سلام آپ پر اے نبیٔ مکرم
–
نہ تھی آپ کو مال و دولت کی چاہت
نہ تھی تاج و تخت و حکومت کی چاہت
نہ تھی آپ کو کوئی شہرت کی چاہت
مگر ایک رب کی اطاعت کی چاہت
سلام آپ پر رب کے محبوبِ اعظم
سلام آپ پر اے نبیٔ مکرم