اردوئے معلیٰ

شہرِ سرکار میں جینے کی دعائیں مانگوں

اب تو ہر وقت مدینے کی دعائیں مانگوں

 

اے شہِ والا ہوا ہجر میں جینا مشکل

وصل کے جام کو پینے کی دعائیں مانگوں

 

کاش مل جائیں ثنا کے لئے الفاظ حسیں

ایسے انمول خزینے کی دعائیں مانگوں

 

پیش کرتی رہوں آقا کو شب و روز درود

ایسے بے مثل قرینے کی دعائیں مانگوں

 

میرے ہر گوشۂ دل کو جو معطر کر دے

ان کے پاکیزہ پسینے کی دعائیں مانگوں

 

میں بھی کچھ روز مدینے کی فضاؤں میں رہوں

ایسے دن اور مہینے کی دعائیں مانگوں

 

جَڑ دیا جائے جو اے ناز مرے سینے میں

نامِ احمد کے نگینے کی دعائیں مانگوں

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ

اردوئے معلیٰ

پر

خوش آمدید!

گوشے۔۔۔