لُٹا ہے میرا خزانہ مرے برابر سے
بدل گیا وہ ٹھکانہ مرے برابر سے
جو تِیر میرا نہیں تھا اُسی کا مجرم ہوں
لیا گیا تھا نشانہ مرے برابر سے
پلٹ کے کر گیا تلقین مجھ کو رُکنے کی
ہوا ہے جو بھی روانہ مرے برابر سے
بڑھا گیا مرا احساسِ عمر رفتہ کچھ اور
گزر کے یار پرانا مرے برابر سے
تمہی سے باقی ہے کچھ اعتبارِ بزمِ حیات
کبھی تم اُٹھ کے نہ جانا مرے برابر سے