اردوئے معلیٰ

میرے نبی کا راج دلارا علی علی

اہلِ وفا کی آنکھ کا تارا علی علی

 

مولا ،حضور جن کے ہیں،ان کا علی بھی ہے

سب مومنوں کو جان سے پیارا علی علی

 

آل نبی ہی جائیں گے پہلے بہشت میں

پھر جس طرف کریں گے اشارا علی علی

 

تجھ کو تو دیکھنا بھی عبادت ہے ، ذکر بھی

ثانی بھلا ہے کون تمہارا علی علی

 

علمِ نبی کے شہر کا جویا ہے گر کوئی

در اس کے واسطے ہے تمہارا علی علی

 

مرحب جو آیا سامنے للکارتا ہوا

پٹخا اسے زمین پہ مارا علی علی

 

محفوظ ہیں جو کشتئ آل نبی میں ہیں

دریائے رنج و غم کا کنارا علی علی

 

سن کر ’’ولم توءاخ‘‘ تو سرکار نے کہا

دنیا و آخرت میں ہمارا علی علی

 

قرآں علی کے ساتھ، علی ہیں مع القرآں

عقدہ کھلے گا ‘حوض پہ سارا علی علی

 

ہم بھی جلیل انہی کے ہیں نوکر اسی لئے

آئے مدد کو جب بھی پکارا علی علی

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ

اردوئے معلیٰ

پر

خوش آمدید!

گوشے۔۔۔