نبی کے ٹھکانے سرِ آسماں ہیں
زمیں پر بھی ان کے نشاں ہی نشاں ہیں
یہ فرمانِ ذیشاں حدیثوں میں دیکھا
’’ وہ تخلیقِ اول وہ روحِ جہاں ہیں ‘‘
وضاحت زمانے کی میں کر دوں یارو
زمانے انہی کے انہی سے زماں ہیں
انہی کا ہے نور اس جہاں میں ہویدا
انہی کے لیے روشنی کے سماں ہیں
وہی میرے مولا وہی میرے آقا
وہی میری سانسوں میں ہر پل رواں ہیں
انہی کے تصور سے ایسے ہوں روشن
درودوں میں لگتا ہے آقا یہاں ہیں
مجھے نعت لکھتے ہوئے یہ لگا ہے
کہ مولا کے تلووں پہ بوسے رواں ہیں
کہا آپ نے بیٹیاں ہیں یہ رحمت
مرے گھر میں رحمت کے دو آسماں ہیں
نبی آخری ہیں محمد ہی قائم
اسی بس عقیدے پہ من گل فشاں ہیں