کب میسر ہے ہمیں اپنا سہارا ہونا
کس قدر بانٹ گیا ہم کو تمہارا ہونا
میں ، مرا کمرہ ، تری یاد ، سلگتا سگرٹ
کیا اسی چیز کو کہتے ہیں گزارہ ہونا
وہ مرے بعد بھی خوش ہو گا کسی اور کے ساتھ
میٹھے چشموں کو کہاں آتا ہے کھارا ہونا
تو محبت کا ہے تاجر تو یقیں کر تجھ سے
اچھا لگتا ہے تجارت میں خسارہ ہونا
ہو گیا تجھ سا کوئی شخص میسر تو سہی
ورنہ مشکل ہے مجھے عشق دوبارہ ہونا