اردوئے معلیٰ

Search

ارض و سما کی دھوم ہے خیرالوریٰ کی دھوم

ہر سُو جہان میں ہے شہِ دوسریٰ کی دھوم

 

از فرش تا بہ عرش ہے دستِ سخا کی دھوم

چرچا ترے کرم کا ہے، تیری عطا کی دھوم

 

اک سیلِ روشنی تھا وہ معراج کا سفر

شمس و مہ و نجوم میں ہے نقشِ پا کی دھوم

 

شامل ہو جس میں اشکِ ندامت کا برشگال

رہتی ہے قدسیوں میں بھی ایسی دعا کی دھوم

 

سمجھے کوئی تو لفظ معانی کا فرق ہے!

کون و مکاں کی روشنی شمس الضحیٰ کی دھوم

 

دھڑکن نہیں یہ سینے میں ذکرِ رسول ہے

سانسیں نہیں، ہے اصل میں صلِ علیٰ کی دھوم

 

اے صاحبِ جمال! ترے التفات سے

دنیا میں مچ گئی ترے مدحت سرا کی دھوم

 

پلکوں کو باوضو ہی رکھا فکرِ نعت میں

یوں ہی نہیں ہے انورِؔ شیریں نوا کی دھوم

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ