اردوئے معلیٰ

Search

اس لیے لکھتا نہیں میں دلِ غمگین کا دکھ

کون سمجھے گا یہاں میرے مضامین کا دکھ

 

ایک تو چیر گئی اس کی غزل دل میرا

اور اس پر وہ مرے نعرہء تحسین کا دکھ

 

اک طرف کابل و کشمیر کراچی کی آگ

اک طرف شام حلب اور فلسطین کا دکھ

 

ایک دنیا ہے دکھوں والی ہمارے اندر

ہم نے رکھا نہیں دل میں کبھی,, دو تین,, کا دکھ

 

خود کو فرہاد کا استاد سمجھنے والے

مجھ کو سمجھا دے فقط عشق کی تو ,, شین ,, کا دکھ

 

میں نے جب جون کی ”شاید” کو سرھانے رکھا

آ گئی وہ بھی لیے آنکھ میں ” پروین” کا دکھ

 

بس لیے جاتا ہے احساس سے عاری سانسیں

شیخ کو دنیا کا ہے اور نہ ہی دین کا دکھ

 

پڑھ رہے تھے کسی کے ہونٹ دعا ہجر کی جب

میں نے کاغذ پہ لکھا خون سے,, آمین,, کا دکھ

 

میری آنکھوں میں سبھی اشک تھے میٹھے حیدر

میرے گالوں پہ رہا اس لب ِ نمکین کا دکھ

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ