اردوئے معلیٰ

Search

الہٰی وہ زباں دے جو ثناء خواں محمد ہو

ثناء ایسی جوہر آئینہ شایان محمد ہو

 

وہ جان پاک دے یارب جو قربان محمد ہو

وہ دل دے جو شکار تیر مژگان محمد ہو

 

جنون عشق و گرما گرمی سوز محبت سے

یہ آوارہ ہو اور دشت و بیابان محمد ہو

 

شراب شوق سے لبریز ہو پیمانہ الفت

نگار حسن ہو میں ہوں خیابان محمد ہو

 

مقام "​لی مع اللہ”​ تک بھلا کس کی رسائی ہو

جب اس خلوت کدہ میں خاص جانان محمد ہو

 

بدل جائے شب بخت سیہ صبح دل آراء سے

اگر جلوہ نما روئے درخشاں محمد ہو

 

علیم خستہ جان تنگ آگیا ہے درد ہجراں سے

الہٰی کب وہ دن آئے کہ مہمان محمد ہو

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ