اردوئے معلیٰ

Search

انداز کریمی کا نِرالا نہیں گیا

اُن سے کیا سوال تو ٹالا نہیں گیا

 

جب عرض کی کہ جھولی ہے خالی کرم کریں

’’اِتنا کرم ہُوا کہ سنبھالا نہیں گیا‘‘

 

اُن پر دُرود پڑھنے کی برکت ہے بے مثال

دِل کے نگر سے نور کا ہالہ نہیں گیا

 

جو بھی نبی کا ہو گیا دَر، دَر سے بچ گیا

غیروں کے دَر پہ مانگنے والا نہیں گیا

 

جب سے نبی کا نام لیا گھر میں بیٹھ کر

تب سے ہمارے گھر سے اُجالا نہیں گیا

 

یہ اُن کے جسمِ عَنبریں کا فیض ہی تو ہے

دُنیا سے خوشبوؤں کا حوالہ نہیں گیا

 

رب کی طرف سے منکروں کی جھولی میں کبھی

صدقہ نبی کا دوستو! ڈالا نہیں گیا

 

اُن کی شفاعتوں کے سبب ہی رضاؔ مِرا

پٹکا بروزِ حشر اُچھالا نہیں گیا

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ