اردوئے معلیٰ

Search

اُن سے کرتا ہوں کربِ ہجر بیاں

روز دیتا ہے میرا عشق اذاں

 

مخزنِ لطف ہے وہ شہرِ کرم

جس کے صدقے بنے ہیں کون و مکاں

 

حکمِ لَاتَرْفَعُوا کی جا ہے یہی

شور اُن دھڑکنوں کا روک یہاں

 

ہالۂ نور میں ہے شہرِ نبی

سبز گنبد ہے دیکھ نور فشاں

 

خواہشِ دید پیش کیسے کروں

دل لرزتا ہے مثلِ برگِ خزاں

 

حکمِ جاؤک کی اطاعت میں

لے کر آیا ہوں اپنی فردِ زیاں

 

کہکشاں آپ سے ہی روشن ہے

آپ کے دم سے ہے یہ حسنِ جناں

 

ہجر زادے کو اذن دے دیں شہا

دست بستہ ہوا ہے عرض کناں

 

بہرِ تسکیں کرم ہو منظر پر

اُڑنے والا ہو جب یہ طائرِ جاں

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ